ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بین ریاستی چوروں کی ٹولی گرفتار 1.26؍کروڑ روپئے مالیت کی 17؍کاریں ضبط

بین ریاستی چوروں کی ٹولی گرفتار 1.26؍کروڑ روپئے مالیت کی 17؍کاریں ضبط

Wed, 03 Oct 2018 11:13:09    S.O. News Service

بنگلورو،3؍اکتوبر (ایس او نیوز) کرائے پرکار حاصل کرکے مسافر کے بھیس میں ڈرائیور کو ویران علاقے میں لے جاکر ہاتھ پیر باندھ کر گم ٹیپ سے منہ بند کرکے کاروں کو اپنے ساتھ لے جانے والی بین ریاستی چوروں کی ٹولی کو نارتھ ڈویژن پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ان کے قبضہ سے 1.26؍کروڑ روپئے مالیت کی 17؍کاریں ضبط کرلئے ہیں۔ گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت سرینواس (29) جیون (26) منجوناتھ (29) پریم (23) عبدالمجیب (24) (نوراللہ (22) کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزمین کے قبضہ سے ایک کروڑ26؍لاکھ روپئے مالیت کی 4؍انوا ،6؍ماروتی سمیت جملہ 17؍کاریں ضبط کئے ہیں۔ ملزمین کی گرفتاری سے بلگاوی، منگلورو،تملناڈو کی پولیس میں درج ڈکیتی اور لوٹ مار کے 3؍معاملات حل کئے گئے ہیں۔ گرفتار شدہ افراد گزشتہ 6؍ماہ سے کاروں کی چوری کرنے لگے تھے۔ منگلورو میں سیفٹ ڈیزائرکار، بلگاوی میں انوا، تملناڈو سیلم میں انوا کار میں رات کے وقت ڈراپ کے لئے کرائے پر حاصل کرکے ڈرائیوروں کو کار سے نیچے اتارکر ڈرا دھمکاکر ہاتھ پیر باندھ کر منہ پر گم ٹیپ لگادیا کرتے اورکارکو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوجاتے۔ ملزمین چرائی گئی کاریں دیگر شہروں میں فروخت کرکے اس سے حاصل شدہ رقم موج مستی کے لئے استعمال کرنے لگے تھے۔ ملزمین کاروں کو اویل ایکس سمیت دیگر آن لائن پر اشتہار دے کر کار کرایہ یا خریدی کے لئے رابطہ کرنے کی گزارش کرتے۔ ملزمین محکمہ ٹرانسپورٹ سے جاری کئے جانے والے آر سی کارڈ کے طرز پر نقلی آر سی کارڈ تیارکرکے کاروں کے نمبر بدل دیا کرتے۔ اس کے علاوہ ملزمین بینکوں سے این او سی جاری کئے جانے کی بھی نقلی دستاویزات تیارکرکے تقریباً12کاریں اسی طرح فروخت کرچکے تھے۔ ملزمین نقلی دستاویزات تیارکرکے کاروں کے مالکان، خریدنے والے افراد اور کاروں کے لئے قرضہ جاری کرنے والی بینکوں کو لاکھوں روپیوں کا دھوکا دے چکے تھے۔ اس سلسلہ میں راج گوپال نگر پولیس تھانے میں درج شکایت پر انسپکٹر متھن کی زیرقیادت پولیس کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی۔


Share: